Mard e Abresham, Bano Qudsia, Biography, مرد ابریشم, سوانح حیات,بانو قدسیہ,

 Mard e Abresham, Bano Qudsia, Biography, مرد ابریشم, سوانح حیات,بانو قدسیہ,



مرد ابریشم بانو قدسیہ

 

مرد ابریشم” بانو قدسیہ کے قلم سے نکلی ہوئی ایک نان فکشن تحریر ہے جس کا موضوع “قدرت اللہ شہاب” ہیں۔ قدرت اللہ شہاب صاحب کے تعارف کے بارے میں بتانے کی ہمیں ضرورت نہیں، آپ اپنا تعارف آپ ہیں۔ لیکن اگر کوئی قاری ان سے ناآشنا ہیں تو آپ کی لکھی ہوئی کتاب شہاب نامہ آپ سے واقفیت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اور اگر مزید تعارف چاہئے تو بانو جی کی “مرد ابریشم” کا مطالعہ بھی مددگار ثابت ہوگا۔

 

مرد ابریشم، قدرت اللہ شہاب صاحب کے بارے میں ہے لیکن یہ کوئی خاکہ نہیں ہے، یہ کوئی سوانح حیات بھی نہیں ہے، بلکہ اس میں بانو صاحبہ نے قدرت اللہ شہاب کے بارے میں اپنے تاثرات و مشاہدات قلم بند کئے ہیں۔ قدرت اللہ شہاب، ان کے مرحوم شوہر اشفاق احمد صاحب کے قریبی دوستوں میں تھے جن کی وجہ سے بانو جی کو بھی انہیں قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ ان کے بچوں اور ملنے جلنے والوں کی بھی قدرت صاحب سے تعلقات بن گئے۔ اس کتاب میں انہی سب باتوں کا ذکر ہے۔ کتاب کے آغاز میں بانو جی نے اپنا لکھا ہوا ایک خاکہ شامل کیا ہے جو انہوں نے کئی سال پہلے قدرت اللہ شہاب کے بارے میں تحریر کیا تھا۔ اس خاکے میں آپ نے ذکر کیا ہے کہ شہاب صاحب کے بارے میں لکھنا آج کل فیشن کا حصہ ہے۔ یہ بڑی دلچسپ بات ہے، کیونکہ فیشن سے عموماً خیال کپڑوں، جوتوں اور اسی طرح کی دوسری چیزوں کا خیال آتا ہے جبکہ قدرت اللہ شہاب صاحب ایک سرکاری افسر تھے، لیکن اس کے باوجود وہ بڑی مقبولیت کے حامل تھے اور ہر شخص ان سے کسی طرح اپنا تعلق بنانا اور برقرار رکھنا چاہتا تھا۔

 

قدرت اللہ شہاب کے بارے میں ممتاز مفتی صاحب نے بھی قلم اٹھایا ہے۔ آپ کی کتاب “الکھ نگری” کا موضوع بھی قدرت اللہ شہاب ہی ہیں۔ بانو قدسیہ اور ممتاز مفتی، دونوں حضرات نے شہاب صاحب کو اللہ کا بندہ قرار دیا ہے۔ بانو جی نے اپنی کتاب میں یہ ذکر بھی کیا ہے کہ اشفاق احمد صاحب کو قدرت اللہ شہاب نے اپنا خلیفہ قرار دیا تھا۔ قدرت اللہ شہاب صاحب کی شخصیت ایسی تھی کہ ہر کوئی ان سے فیض یاب ہوا لیکن ان کی اپنی ذات میں اس بارے میں غرور موجود نہیں تھا وہ سراپا عاجزی تھے اور خود کو چھپائے رکھتے تھے۔ یہ بات قدرت اللہ شہاب کے لئے عقیدت میں اضافہ کرتی ہے۔ شہاب صاحب کی شخصیت سے بانو جی کا خاندان کس طرح متاثر ہوا، مرد ابریشم میں اس کا تفصیلی ذکر ملتا ہے۔

 


Download

Post a Comment

0 Comments